امریکی شہر ہیوسٹن سے تعلق رکھنے والے ارب پتی مخیر جوڑے نینسی اور رِچ کنڈر نے اپنی 95 فیصد دولت، یعنی تقریباً 11.2 ارب ڈالر (تقریباً 29 کھرب روپے) فلاحی کاموں کے لیے وقف کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خطیر رقم مقامی فلاحی منصوبوں، تعلیمی اداروں، پارکس کی بحالی اور کمیونٹی ویلفیئر پروگرامز پر خرچ کی جائے گی۔
جوڑے نے کہا ہے کہ ان کا مقصد صرف دولت کمانا نہیں بلکہ اپنی کمیونٹی کی بہتری میں کردار ادا کرنا ہے۔ رچ کنڈر نے کہا: "ہم نے زندگی میں جو کچھ حاصل کیا، وہ اس کمیونٹی کی بدولت ہے۔ ہماری ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ دنیا کو بہتر حالت میں چھوڑیں جتنا بہتر ہم سے ممکن ہو۔”
نینسی اور رچ کنڈر کی یہ سخاوت انہیں نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا کے بڑے فلاحی شخصیات کی فہرست میں شامل کر رہی ہے۔ ان کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں مہنگائی، تعلیمی مسائل اور سماجی عدم مساوات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
یہ رقم مختلف مرحلوں میں عطیہ کی جائے گی، جس میں زیادہ تر سرمایہ ہیوسٹن کے مقامی فلاحی اداروں کو دیا جائے گا تاکہ براہِ راست عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔