واشنگٹن، امریکا نے ایران پر نئی معاشی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران پر یہ پابندیاں مبینہ طور پر جوہری ہتھیاروں کی تیاری میں ملوث ہونے کے الزام میں لگائی گئی ہیں۔
بیان کے مطابق تین ایرانی افراد اور ایک ادارہ، فویا پرس پراسپیکٹیو ٹیکنالوجیسٹ، ان نئی پابندیوں کی زد میں آئے ہیں، یہ کمپنی اور متعلقہ افراد ایران کی وزارتِ دفاع کے ماتحت دفاعی اختراعات اور تحقیق کی تنظیم سے وابستہ ہیں، جسے ایس پی این ڈی (SPND) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
امریکہ نے واضح کیا کہ ان اقدامات کا مقصد ایس پی این ڈی کی جوہری تحقیق اور ترقی کی صلاحیت کو محدود اور سست کرنا ہے۔
پابندیوں کے تحت مذکورہ افراد و ادارے کے امریکا میں موجود اثاثے منجمد کیے جا سکیں گے، جبکہ امریکی شہریوں اور کاروباری اداروں پر ان کے ساتھ کسی بھی قسم کے لین دین پر مکمل پابندی ہو گی۔