امریکا میں کیے گئے ایک حالیہ سروے سے ظاہر ہوا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی حملوں کو عوامی سطح پر خاطر خواہ حمایت حاصل نہیں ہو سکی، جبکہ اس معاملے کے بعد صدر ٹرمپ کی مقبولیت میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سروے کے نتائج کے مطابق صرف 27 فیصد امریکی شہریوں نے ایران پر حملوں کی حمایت کی، جبکہ 43 فیصد نے اس اقدام کی مخالفت کی۔ مزید 29 فیصد افراد نے اس معاملے پر واضح رائے دینے سے گریز کیا۔
یہ جائزہ عالمی ادارے Ipsos کی جانب سے کیا گیا، جس میں یہ بھی سامنے آیا کہ حملوں کے بعد صدر ٹرمپ کی مقبولیت میں ایک فیصد کمی واقع ہوئی۔
رائے شماری میں 56 فیصد شرکا نے کہا کہ صدر ٹرمپ بیرونِ ملک امریکی افواج کے استعمال کے معاملے میں ضرورت سے زیادہ آمادگی ظاہر کرتے ہیں۔ اس مؤقف کی تائید 87 فیصد ڈیموکریٹس، 60 فیصد آزاد ووٹرز اور 23 فیصد ری پبلکنز نے بھی کی۔
ایران کے ساتھ جنگ میں 3 امریکی فوجی ہلاک، 5 شدید زخمی: امریکی سینٹرل کمانڈ
اعداد و شمار کے مطابق 55 فیصد ری پبلکن ووٹرز ایران پر حملوں کے حامی نکلے، جبکہ 13 فیصد نے مخالفت کی۔ دوسری جانب 44 فیصد آزاد ووٹرز کا کہنا تھا کہ اگر جنگ کے نتیجے میں تیل اور گیس کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو وہ اس کی حمایت نہیں کریں گے۔
یہ آن لائن سروے 12 ہزار 82 افراد سے کیا گیا، جس میں غلطی کا امکان تین فیصد بتایا گیا ہے۔
