یوکرین اور فرانس کے درمیان دفاعی تعاون کے حوالے سے تاریخی پیشرفت ہوئی ہے، جس کے تحت یوکرین نے 100 جدید رافیل جنگی طیارے خریدنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ دونوں ممالک نے فوجی سازوسامان اور تکنیکی اشتراک کے اس بڑے معاہدے پر پیرس میں دستخط کیے۔
خبرایجنسی کے مطابق یہ معاہدہ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی اور فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے درمیان ایلیزے پیلس میں ہونے والی ملاقات کے دوران طے پایا۔ تجزیہ کار اس معاہدے کو یوکرین کی فضائی صلاحیتوں کو ازسرِنو مضبوط کرنے کی سمت ایک فیصلہ کن قدم قرار دے رہے ہیں۔
معاہدے کے مطابق نہ صرف رافیل طیارے فراہم کیے جائیں گے بلکہ یوکرین کو جدید میزائل سسٹمز، ایویونکس، تربیتی پروگرام اور دیگر اسلحہ جاتی ٹیکنالوجی بھی فراہم کی جائے گی، جو مستقبل میں یوکرینی فضائیہ کو معیار کے لحاظ سے مضبوط بنائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانس آئندہ دو برسوں میں مرحلہ وار یہ طیارے فراہم کرنا شروع کرے گا، جبکہ دفاعی تعلقات کو بڑھانے کے لیے تکنیکی تعاون اور مشترکہ پروگراموں پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ روس کے ساتھ جاری جنگ کے باعث یوکرین یورپی اتحادی ممالک سے مسلسل فوجی معاونت حاصل کر رہا ہے، اور یہ معاہدہ یوکرینی دفاعی حکمتِ عملی میں اہم اضافہ تصور کیا جا رہا ہے۔
