انقرہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ترک فضائیہ کا ایک ایف 16 لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ جاں بحق ہو گیا۔ حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ترکی کے صوبے میں پیش آیا۔
سرکاری بیان کے مطابق طیارہ معمول کی پرواز پر تھا کہ اچانک رابطہ منقطع ہوگیا، بعد ازاں معلوم ہوا کہ طیارہ برسا۔ازمیر ہائی وے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ ریسکیو اور سکیورٹی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ عینی شاہدین کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوز میں مقامی افراد کو دھماکے کی آواز سننے کے بعد حادثے کی جگہ کی جانب جاتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ زمین پر ملبہ بکھرا ہوا تھا۔
ترک وزارتِ دفاع نے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید پائلٹ کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو تکنیکی اور آپریشنل پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔
تربیتی مشق کے دوران حادثہ، تائیوان کا ایف 16 لڑاکا طیارہ تباہ، پائلٹ لاپتہ
دفاعی ماہرین کے مطابق ایف 16 طیارے ترک فضائیہ کا اہم حصہ ہیں اور انہیں مختلف دفاعی اور تربیتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم تحقیقاتی ٹیم فلائٹ ڈیٹا، موسمی حالات اور طیارے کی تکنیکی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے حادثہ کے قریب غیر ضروری ہجوم سے گریز کریں تاکہ تحقیقات میں رکاوٹ نہ آئے۔ مزید تفصیلات تحقیقاتی عمل مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔
