انقرہ، ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ ہر حال میں پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
ترکی کابینہ کے اجلاس کے دوران صدر اردوان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ترکی نے ہرممکن سفارتی کوششیں کیں۔
انہوں نے حال ہی میں وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور دونوں ممالک کے تعلقات سمیت علاقائی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
صدر اردوان نے پاکستانی عوام کے صبر، برداشت اور پُرامن رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ترکی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، چاہے حالات جیسے بھی ہوں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اشتعال انگیزی سے گریز کرتے ہوئے تمام تنازعات کا پُرامن حل تلاش کیا جانا چاہیے، جنگ بندی کے بعد پیدا ہونے والا سکون کا ماحول خطے کے اہم مسائل، خصوصاً پانی کی تقسیم جیسے پیچیدہ معاملات کے حل میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
ترک صدر نے اس موقع پر کشمیر سمیت ہر اس معاملے پر ترکی کے اصولی مؤقف کا اعادہ بھی کیا، جن پر ترکی نے ہمیشہ امن، انصاف اور استحکام کی حمایت کی ہے۔