آبنائے ہرمز کے معاملے پر ٹرمپ کی فوجی اتحاد کو دھمکی، اتحادی ممالک سے تعاون کا مطالبہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی سلامتی کے معاملے پر اتحادی ممالک کو سخت پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے اس اہم سمندری راستے کو کھلا رکھنے میں مدد نہ کی تو مغربی فوجی اتحاد کا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

latest urdu news

برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اس معاملے پر ایران سے بات چیت کر رہا ہے، تاہم ان کے مطابق ایران فی الحال کسی معاہدے کے لیے تیار دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا تقریباً سات ممالک سے رابطے میں ہے اور ان سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کی حفاظت کے لیے مشترکہ اقدامات کریں۔

ٹرمپ کے مطابق اسرائیل اس حساس سمندری راستے کی سلامتی کے لیے امریکا کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے یہ راستہ انتہائی اہم ہے، اس لیے اس کی حفاظت میں عالمی شراکت داری ضروری ہے۔

امریکی صدر نے یہ بھی عندیہ دیا کہ اس ماہ کے آخر میں چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ طے شدہ ملاقات میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات اسی صورت مناسب ہوگی جب وہ ممالک جو آبنائے ہرمز سے فائدہ اٹھاتے ہیں، اس کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکرز کو امریکی بحریہ کا تحفظ دینے کا اعلان

یاد رہے کہ ٹرمپ نے ہفتے کے روز چین سمیت کئی ممالک سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنے جنگی جہاز آبنائے ہرمز بھیج کر سلامتی کے اقدامات میں حصہ لیں۔ ان ممالک میں فرانس، جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ بھی شامل ہیں۔

تاہم عالمی سطح پر اس اپیل کا ردعمل محدود رہا ہے اور اب تک کسی بھی ملک نے خطے میں اپنے بحری جہاز بھیجنے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا۔ اس صورتحال نے آبنائے ہرمز کی سلامتی اور عالمی توانائی کی ترسیل کے مستقبل سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter