قاہرہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات پر اہم بیان دیتے ہوئے خواہش ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کو فروغ دیتے ہوئے بہترین ہمسایوں کی طرح رہیں۔
یہ بیان انہوں نے مصر میں غزہ جنگ بندی معاہدے پر ثالثی کرنے والے ممالک کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران دیا۔ صدر ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب دیکھ کر انہیں "عظیم رہنما” قرار دیا، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے مسکراتے ہوئے کہا کہ "ہم نے بھارت کے سات طیارے گرائے تھے”۔
پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو اپنا "فیورٹ فیلڈ مارشل” قرار دیتے ہوئے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو “امن کا علمبردار” قرار دے دیا
ائیر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ماضی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو انہوں نے ٹیرف (تجارتی محصولات) کے ذریعے کم کرنے میں کردار ادا کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی بار وہ اس تنازعے کو تجارت کے راستے حل کرنے کی کوشش کر چکے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے اس تازہ بیان کو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی جانب ایک مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔