امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو وینزویلا میں فوج دوبارہ بھیجنے کے لیے کسی نئی قانون سازی کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا اور وینزویلا کے درمیان حالتِ جنگ نہیں ہے، تاہم آئندہ 30 دن کے دوران وینزویلا میں نئے انتخابات بھی نہیں ہوں گے۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں فوری طور پر انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں کیونکہ عوام کے لیے ووٹ ڈالنا بھی محفوظ اور قابلِ عمل نہیں۔ ان کے مطابق سب سے پہلے ملک کو سنبھالنا ضروری ہے، جو ایک وقت طلب عمل ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا کے توانائی کے شعبے کی بحالی کے لیے امریکی تیل کمپنیاں مدد فراہم کریں گی، تاہم اس کے لیے بھاری سرمایہ کاری درکار ہوگی۔ انہوں نے اندازہ ظاہر کیا کہ ایسے منصوبوں کو مکمل ہونے میں 18 ماہ سے کم وقت لگ سکتا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا وینزویلا میں طویل المدتی بنیادوں پر کردار ادا کرے گا اور آئندہ اقدامات مرحلہ وار کیے جائیں گے۔
وینزویلا کے بعد کولمبیا پر بھی امریکی کارروائی کا عندیہ
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا وینزویلا کے ساتھ جنگ نہیں کر رہا بلکہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق یہ جنگ ان عناصر کے خلاف ہے جو منشیات، قیدیوں اور ذہنی مریضوں کو امریکا بھیجنے میں ملوث ہیں۔
صدر ٹرمپ نے انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ وینزویلا سے متعلق معاملات کی نگرانی کے لیے امریکا نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے، جس میں وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے گی اور امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے فیصلے کرے گی۔
