امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل قطر میں دوبارہ حملہ نہیں کرے گا کیونکہ قطر امریکہ کا قریبی اتحادی ہے۔ انہوں نے یہ بات وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ "قطر ہمارا اتحادی ملک ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ وہاں مزید کشیدگی بڑھے۔ اسرائیل قطر میں دوبارہ کوئی حملہ نہیں کرے گا۔” انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور اتحادی ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے۔
دوران گفتگو صدر ٹرمپ نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو بھی سخت تنبیہ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس نے دھمکی دی ہے کہ وہ یرغمالیوں کو قتل کر دیں گے، لیکن "انہیں بخوبی اندازہ ہونا چاہیے کہ اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔”
ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ یرغمالیوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتا ہے، اور کسی بھی دہشتگردی یا انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سخت جواب دیا جائے گا۔
داخلی سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکہ کے بے امن شہروں شکاگو اور نیو اورلینز میں مرحلہ وار نیشنل گارڈز تعینات کی جائیں گی تاکہ امن و امان بحال رکھا جا سکے۔
عالمی محاذ پر، صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ امریکی افواج نے وینزویلا میں ایک اور فضائی حملہ کیا ہے جس میں تین دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب دہشتگرد منشیات کی اسمگلنگ میں مصروف تھے۔
دوحہ پر اسرائیلی حملے سے 50 منٹ قبل صدر ٹرمپ کو اطلاع دی گئی، امریکی میڈیا کا انکشاف
انہوں نے مزید کہا کہ اس حملے میں امریکی افواج کو کوئی نقصان نہیں ہوا، اور یہ پیغام ہے کہ امریکہ اپنے شہریوں اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت پر آیا ہے جب خطے میں اسرائیل کے حملے کے بعد عالمی سطح پر کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور قطر سمیت کئی مسلم ممالک میں شدید ردعمل پایا جا رہا ہے۔