جمعہ, 30 مئی , 2025

امریکی صدر ٹرمپ کی حکومت کا فیصلہ: نئے طلبہ ویزا اپوائنٹمنٹس عارضی طور پر بند

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

امریکہ نے طلبہ ویزا اپوائنٹمنٹس کو سوشل میڈیا جانچ پڑتال کی پالیسی کے تحت وقتی طور پر معطل کر دیا، پہلے سے طے شدہ اپوائنٹمنٹس معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

latest urdu news

واشنگٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر ملکی طلبہ کے لیے ویزا اپوائنٹمنٹس کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام غیر ملکی طلبا کی سوشل میڈیا پروفائلز کی مزید گہری جانچ پڑتال کی پالیسی کے تناظر میں اُٹھایا گیا ہے، امریکی وزارت خارجہ کی ہدایت پر تمام امریکی سفارت خانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ نئے ویزا اپوائنٹمنٹس کا شیڈول فوری طور پر بند کر دیں، جب تک کہ اس بارے میں مزید ہدایات نہ آ جائیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام اب طلبہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مزید تفصیل سے جانچ کریں گے تاکہ قومی سلامتی سے متعلق خطرات کا سدباب کیا جا سکے، اس نئی پالیسی کے تحت، ہر غیر ملکی طالبعلم کی آن لائن موجودگی کا بغور جائزہ لیا جائے گا، اور اس کی روشنی میں ویزا کے فیصلے کیے جائیں گے۔

البتہ جو ویزا اپوائنٹمنٹس پہلے سے طے شدہ ہیں، وہ معمول کے مطابق جاری رہیں گی اور ان پر موجودہ فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا،امریکی وزیر خارجہ مارک روبیو کے مطابق یہ پابندی عارضی ہے اور نئی پالیسی مکمل طور پر تیار ہونے کے بعد ہی دوبارہ اپوائنٹمنٹس دی جائیں گی۔

یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ پہلے ہی غیر ملکی طلبہ کے لیے سخت پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔

یاد رہے کہ کچھ ہی عرصہ قبل امریکی حکومت نے ہارورڈ یونیورسٹی کو غیر ملکی طلبا کو داخلہ دینے کا اختیار بھی محدود کر دیا تھا، جس پر تعلیمی اور انسانی حقوق کے حلقوں میں شدید تنقید کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ حکومت میں امیگریشن اور ویزا پالیسیوں کو سخت تر بنایا گیا ہے، اس سے قبل بھی مسلمانوں کی اکثریتی ممالک پر ویزا پابندی، مہاجرین کی آمد پر قدغن، اور مختلف تعلیمی و تحقیقی اداروں پر نظرِ ثانی جیسے اقدامات عالمی سطح پر متنازع بنے تھے، نئی ویزا پالیسی، خاص طور پر سوشل میڈیا کی جانچ، تعلیم کے شعبے میں امریکہ کی کشادگی پر سوالات اٹھا رہی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کی جانب سے غیر ملکی طلبہ کے لیے ویزا انٹرویوز کو وقتی طور پر معطل کیے جانے کے فیصلے کی مزید تفصیلات اس خبر میں ملاحظہ کریں، جو سوشل میڈیا جانچ کی سخت پالیسی کے تحت کیا گیا۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter