53
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو امریکی جوہری آبدوزیں روس کے قریبی علاقوں میں تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ فیصلہ سابق روسی صدر دمتری میدویدیف کے حالیہ دھمکی آمیز بیانات کے بعد سامنے آیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ میدویدیف کے اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے، انہوں نے دفاعی حکمتِ عملی کے تحت دو جوہری آبدوزیں مخصوص مقامات پر روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا: "الفاظ کی اپنی ایک طاقت ہوتی ہے، اور بعض اوقات یہ ناپسندیدہ نتائج کا سبب بن سکتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ اس بار ایسا نہیں ہوگا، لیکن ہم کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔”
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ٹرمپ اور میدویدیف کے درمیان گزشتہ چند روز سے زبانی تنقید کا سلسلہ جاری ہے، جس میں دونوں رہنما ایک دوسرے پر سخت جملے کس چکے ہیں۔
امریکی صدر کے اس تازہ اقدام کو ماہرین ایک اہم دفاعی پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا اشارہ ہے۔