واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنا ان کے لیے "انتہائی آسان” ہے۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہیں جنگیں رکوانا پسند ہے، اور وہ پاکستان اور افغانستان کی موجودہ سرحدی کشیدگی سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر وہ چاہیں تو دونوں ممالک کے درمیان یہ تنازع فوراً ختم کروا سکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے گفتگو کے دوران ایک بار پھر پاک بھارت تنازع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے مجھے بتایا کہ میں نے پاک بھارت جنگ ختم کر کے لاکھوں جانیں بچائیں۔”
یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے افغانستان کی سرحد سے پاکستان پر حملوں کا سلسلہ جاری تھا، جس کے جواب میں پاکستانی افواج نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں درجنوں جنگجو مارے گئے۔
ابتدائی طور پر دونوں ممالک کے درمیان 48 گھنٹے کی جنگ بندی طے پائی تھی، جس میں بعد ازاں توسیع کر دی گئی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق، افغان طالبان حکومت اور پاکستان کے درمیان عارضی جنگ بندی کو دوحہ میں جاری مذاکرات کے اختتام تک برقرار رکھا جائے گا، جبکہ اعلیٰ سطحی بات چیت ہفتے کے روز شروع ہونے کا امکان ہے۔