ڈونلڈ ٹرمپ کی نیتن یاہو کی بھرپور حمایت، عدالتی کارروائی ناقابل قبول

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرپشن اسکینڈل میں پھنسے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی حمایت کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کو امریکہ اور اسرائیل کے تعلقات کے لیے نقصان دہ قرار دیا، اسرائیل میں ہزاروں افراد کے حکومت مخالف مظاہرے جاری۔

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر اپنے قریبی اتحادی اور کرپشن الزامات کا سامنا کرنے والے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی حمایت میں سامنے آ گئے ہیں۔ ٹرمپ نے نیتن یاہو کے خلاف جاری عدالتی کارروائی کو "خوفناک” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل نہ صرف اسرائیل بلکہ امریکا کے مفادات کے لیے بھی نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

latest urdu news

صدر ٹرمپ نے کہا کہ نیتن یاہو اس وقت حماس کے ساتھ یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے ایک ممکنہ ڈیل پر کام کر رہے ہیں، اور ایسے نازک وقت میں عدالتی کارروائی اُن کی کوششوں کو سبوتاژ کر سکتی ہے۔ اُن کا کہنا تھا: "جو وزیراعظم ایران کے نیوکلیئر پروگرام کو روکنے میں امریکا کے ساتھ مل کر اہم کامیابیاں حاصل کر چکا ہو، کیا وہ سارا دن عدالت کے کمرے میں گزارے گا؟”

ٹرمپ نے امریکی امداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: "امریکا ہر سال اسرائیل پر اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے، جو دنیا کے کسی بھی ملک سے کہیں زیادہ ہے، اس لیے واشنگٹن نیتن یاہو کے خلاف اس قسم کی عدالتی کارروائی برداشت نہیں کرے گا۔”

ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی عدالتوں میں نیتن یاہو پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور رشوت کے الزامات کی سماعت جاری ہے، جبکہ اُن کی حکومت کو اندرونِ ملک اور عالمی سطح پر حماس کے ساتھ معاہدے کے لیے شدید دباؤ کا سامنا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل میں حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ ہزاروں افراد ایک بار پھر تل ابیب کی سڑکوں پر نکل آئے۔ احتجاجی مظاہرین نے ریلیوں میں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، خاص طور پر یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں کی بازیابی میں ناکامی پر۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو حکومت دانستہ طور پر غزہ میں جنگ کو طول دے رہی ہے اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے سنجیدہ اقدامات سے گریز کر رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ موجودہ پالیسی نہ صرف فلسطینی علاقوں میں تباہی پھیلا رہی ہے بلکہ اسرائیلی سماج کو بھی تقسیم کر رہی ہے۔

احتجاجی ریلیوں کے شرکاء نے فوری جنگ بندی اور حماس کے ساتھ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق، ٹرمپ کی مداخلت نے اسرائیلی عدلیہ اور حکومت پر بین الاقوامی دباؤ میں مزید شدت پیدا کر دی ہے۔

یاد رہے کہ نیتن یاہو کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات گزشتہ کئی برسوں سے زیرِ سماعت ہیں، اور وہ مسلسل عدلیہ پر دباؤ ڈالنے کے الزامات کی زد میں ہیں۔ حالیہ جنگ اور یرغمالیوں کے مسئلے نے ان کے خلاف عوامی غم و غصے کو نئی شدت دی ہے، جبکہ امریکی حمایت سے ان کے سیاسی مستقبل کو وقتی سہارا ضرور مل سکتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter