ہفتہ, 7 جون , 2025

تین جڑواں سعودی بھائیوں کے جوڑوں نے حج 2025 میں خدمتِ حجاج کے جذبے سے سب کے دل موہ لیے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

مکہ مکرمہ میں حج 2025 کے دوران ایک منفرد اور متاثر کن منظر اس وقت سامنے آیا جب تین جڑواں بھائیوں کے جوڑوں نے بیک وقت حجاج کرام کی خدمت میں خود کو وقف کر دیا۔ یہ چھ نوجوان رضا کار ریاض کے الربیع محلے کی سِول ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن سے وابستہ ہیں اور سعودی اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے تحت عوامی خدمت کے کیمپوں میں سرگرمِ عمل نظر آئے۔

latest urdu news

ان جڑواں بھائیوں کے نام درج ذیل ہیں:

  • حسام اور عصام سعید القَرنی

  • عزام اور عمار سلیمان السلیمان

  • ولید اور مہند عبدالکریم العتیبی

یہ نوجوان نہ صرف چہرے سے ملتے جلتے ہیں بلکہ ان کے دلوں میں خدمت کا جذبہ، نظم و ضبط، اور اسکاؤٹنگ کا جنون بھی ایک جیسا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسکاؤٹنگ ان کے لیے محض ایک سرگرمی نہیں بلکہ ایک نظریہ اور طرزِ حیات ہے، جسے انہوں نے بچپن سے اپنایا ہے۔

حسام اور عصام نے بتایا کہ وطن سے محبت کے جذبے نے انہیں اس جانب راغب کیا۔ ان کے مطابق حج کے دوران حجاج کرام کو راہنمائی فراہم کرنا، ابتدائی طبی امداد دینا اور سہولتیں مہیا کرنا ایسا تجربہ ہے جو زندگی کے کئی سبق سکھاتا ہے۔

عزام اور عمار نے اس تجربے کو اپنے تعلقات کے لیے ایک اور نعمت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حج کے موقع پر کام کا دباؤ، تیزی سے فیصلے لینے کی ضرورت اور اجتماعی ماحول نے انہیں ایک دوسرے کو مزید بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد دی۔

دوسری جانب ولید اور مہند العتیبی نے کہا کہ یہ تجربہ ان کی زندگی بدلنے کا سبب بن رہا ہے۔ ان کے مطابق اسکاؤٹنگ صرف خدمت نہیں بلکہ برداشت، عاجزی اور قربانی سکھانے کا عمل ہے۔

یہ جڑواں بھائی دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ نوجوان نسل اگر نیک نیتی اور خلوص کے ساتھ دینی و قومی فرائض کی ادائیگی میں لگ جائے تو دنیا میں مثبت تبدیلی ممکن ہے۔ ان کی یہ بے لوث خدمت نہ صرف قابلِ تحسین ہے بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بھی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter