ویٹی کن سٹی: کیتھولک مسیحیوں کے نئے روحانی پیشوا کے انتخاب کے لیے کانکلیو کا آغاز 7 مئی کو ہوگا، جس میں دنیا بھر سے کارڈینلز شرکت کریں گے۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے کارڈینل جوزف کوٹس بھی اس عمل میں شرکت کے لیے روم پہنچ چکے ہیں، جہاں ان کی میزبانی فادر رابرٹ مککولک کریں گے جنہوں نے پاکستان میں طویل عرصہ خدمات انجام دی ہیں۔
‘کانکلیو دراصل لاطینی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے "چابی سے بند”، اور یہ اس خفیہ انتخابی عمل کی نشاندہی کرتا ہے جس میں کارڈینلز ویٹی کن کی مخصوص عمارت میں قید ہو کر نئے پوپ کا انتخاب کرتے ہیں، اس عمارت میں رہائش اور کھانے کی سہولیات موجود ہیں، مگر کسی غیر متعلقہ فرد کا داخلہ ممنوع ہوتا ہے اور الیکٹرانک سگنلز بھی بند کیے جاتے ہیں تاکہ رازداری مکمل طور پر برقرار رہے۔
عام طور پر کانکلیو دو سے چار دن جاری رہتا ہے، تاہم انتخاب اس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک کہ دو تہائی اکثریت سے نیا پوپ منتخب نہ ہو جائے۔
اس انتخابی عمل کی بنیاد دو اہم کتابوں پر ہے: ایک آئینی دستاویز جو پوپ جان پال دوم نے 1996 میں جاری کی اور جس میں پوپ بینیڈکٹ نے ترامیم کیں، اور دوسری دعائیہ کتاب جسے 1998 میں منظور کیا گیا اور 2005 میں جاری کیا گیا۔
یہ واضح نہیں کہ پوپ فرانسس نے اپنی وفات سے قبل اس میں کوئی ترمیم کی تھی یا نہیں۔
کانکلیو کا آغاز 7 مئی کو سینٹ پیٹرز بیسیلیکا میں صبح 10 بجے اجتماعی دعا سے ہوگا جس میں عوام بھی شریک ہو سکیں گے۔ بعدازاں کارڈینلز پالین چیپل میں جمع ہوں گے اور پھر سسٹین چیپل کی طرف روانہ ہوں گے جہاں وہ حلف اٹھائیں گے کہ انتخابی اصولوں پر سختی سے عمل کریں گے اور عمل کو مکمل طور پر خفیہ رکھیں گے۔
سسٹین چیپل میں غیر متعلقہ افراد کے انخلاء کے بعد کارڈینلز فیصلہ کریں گے کہ آیا پہلی ووٹنگ اسی شام ہو یا نہیں۔ روایتی طور پر پہلے دن ووٹنگ ہوتی ہے اور اگر پوپ منتخب نہ ہو تو بیلٹ کو ایسے کیمیکل سے جلا دیا جاتا ہے جس سے سیاہ دھواں خارج ہوتا ہے، جو دنیا کو یہ اشارہ دیتا ہے کہ انتخاب مکمل نہیں ہوا۔
ہر دن دو دو ووٹنگ صبح و شام کی جاتی ہیں، اور جیسے ہی کسی امیدوار کو 133 میں سے کم از کم 89 ووٹ حاصل ہو جاتے ہیں، تو سینئر کارڈینل ان سے پوچھتے ہیں کہ کیا وہ منصب قبول کرتے ہیں۔ اگر وہ رضامندی ظاہر کریں تو بیلٹس اور تمام نوٹس جلائے جاتے ہیں، اور اس بار سفید دھواں بلند ہوتا ہے، جو دنیا کو نئے پوپ کے انتخاب کی خبر دیتا ہے۔
بعدازاں، سینئر ڈیکن کارڈینل مرکزی بالکونی پر آ کر روایتی الفاظ "ہیبیمس پاپم” (ہمارے پاس پوپ ہے) کے ذریعے نئے پوپ کا اعلان کرتے ہیں۔
پوپ فرانسس کی تدفین کے بعد سے جاری یہ عبوری دور "سید وکانت” کہلاتا ہے، جس کے دوران پوپ کی علامتی کرسی خالی رہتی ہے۔ اس مرحلے کی علامت دو چابیاں اور ایک چھتری ہے، جو اقتدار کی وہ علامتی نشانیاں ہیں جو عیسائی عقیدے کے مطابق حضرت عیسیٰ نے سینٹ پیٹر کو سونپی تھیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پوپ فرانسس 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد نئے پوپ کے انتخاب کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔