ملائیشین وزیرِاعظم انور ابراہیم کا اعلان: تھائی لینڈ و کمبوڈیا آج رات سے غیر مشروط جنگ بندی پر متفق، 33 ہلاکتیں اور 3 لاکھ سے زائد افراد بے گھر۔
کوالالمپور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ملائیشیا کے وزیرِاعظم انور ابراہیم نے اعلان کیا ہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان غیر مشروط جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے، جو آج رات سے نافذ العمل ہوگی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انور ابراہیم کی ثالثی سے یہ معاہدہ ممکن ہوا، جسے امن کی بحالی اور اعتماد سازی کی سمت پہلا اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
ملائیشین وزیرِاعظم نے بتایا کہ دونوں ممالک نے براہِ راست رابطے بحال کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔ انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دونوں ملکوں کے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ پُرامن حل کی جانب بڑھیں، جس کے بعد فریقین نے مذاکرات کی راہ اپنائی۔
دوسری جانب کمبوڈیا کے وزیراعظم نے مذاکرات کے نتائج کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ لڑائی کا فوری خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ ان کے مطابق حالیہ جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک 3 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں، جبکہ دونوں ممالک میں بنیادی سہولیات کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے۔
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان کشیدگی کی وجوہات؟
یاد رہے کہ اس تنازعے میں اب تک 33 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور سیکڑوں خاندان امن کے خواب کے ساتھ عارضی پناہ گاہوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ موجودہ جنگ بندی معاہدے کو خطے میں استحکام کے لیے ایک مثبت پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔