ٹیکساس میں طوفانی بارشوں سے تباہی، 24 ہلاک، 25 لڑکیاں لاپتا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ٹیکساس میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی، 24 افراد ہلاک، سمر کیمپ سے 25 لڑکیاں لاپتا، دریا بپھر گئے، آبادیاں زیرِ آب۔

ڈیلاس، امریکی ریاست ٹیکساس شدید طوفانی بارشوں اور سیلاب کی لپیٹ میں آگئی، جس کے باعث مختلف حادثات میں 24 افراد جان سے گئے، جبکہ ایک سمر کیمپ سے 25 لڑکیوں سمیت متعدد افراد لاپتا ہو گئے ہیں۔

latest urdu news

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق، طوفان کے بعد کئی دریا بپھر گئے، ندی نالوں میں طغیانی آئی اور مختلف علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ پانی کے تیز بہاؤ میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، کئی آبادیاں زیرِ آب آ گئیں اور درجنوں افراد پھنس کر رہ گئے۔ کئی گھروں اور گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

ٹیکساس کے لیفٹیننٹ گورنر ڈین پیٹرک نے میڈیا کو بتایا کہ سمر کیمپ مسٹک میں موجود 25 سے زائد لڑکیاں تاحال لاپتا ہیں۔ سائپریس جھیل اور سینئر ہل کے علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے اور تمام کیمپرز کو ڈھونڈنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

گورنر نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے بیان دیا کہ اگر آپ کی بیٹی نہیں ملی تو انتظامیہ خود آپ سے رابطہ کرے گی، اور اگر اب تک رابطہ نہیں کیا گیا تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کی بیٹی محفوظ ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ لاپتا افراد کے زندہ ہونے کی تصدیق نہیں کی جا سکتی، وہ محض رابطے سے باہر ہو سکتے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دریائے گواڈلوپ کی سطح صرف 45 منٹ میں 26 فٹ بلند ہو گئی، جس نے اچانک آنے والے سیلاب کو مزید خطرناک بنا دیا۔

واضح رہے کہ جس سمر کیمپ سے لڑکیاں لاپتا ہوئیں، وہ "کیمپ مسٹک” کہلاتا ہے، جو ایک نجی مسیحی گرلز کیمپ ہے اور 1926 سے فعال ہے۔ موجودہ صورتحال کے بعد پورے علاقے میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے، اور امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں مسلسل کام کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ٹیکساس میں ہر سال موسمِ گرما کے دوران طوفانی بارشیں عام ہیں، مگر اس بار ہونے والی بارش اور اس کے نتیجے میں آنے والا سیلاب حالیہ برسوں میں سب سے خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter