تائیوان کا ایک ایف 16 لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران مشرقی ساحلی علاقے کے قریب حادثے کا شکار ہو کر زمین سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا جبکہ پائلٹ تاحال لاپتہ ہے۔
تائیوان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی پائلٹ کی تلاش کے لیے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ فضائیہ، بحریہ اور دیگر امدادی ادارے سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
تائیوانی فضائیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ایف 16 طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اچانک نامعلوم وجوہات کی بنا پر حادثہ پیش آیا۔ ابتدائی رپورٹس میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پائلٹ حادثے سے قبل ہولین کاؤنٹی کے قریب طیارے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی جا سکی۔
واقعے کے بعد تائیوان کے صدر ولیم لائی چنگ تے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ پائلٹ کو جلد از جلد تلاش کیا جائے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے جامع تحقیقات کی جائیں۔ صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریسکیو اور تحقیقاتی عمل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
حادثے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ فضائیہ کی جانب سے تکنیکی ماہرین کو بھی موقع پر طلب کر لیا گیا ہے تاکہ طیارے کے ملبے کا جائزہ لے کر حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
