سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے جنوبی علاقے میں ایک پروجیکٹائل گرنے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاض کے شہر الخرج میں پیش آیا جہاں ایک رہائشی عمارت پر پروجیکٹائل گرنے سے جانی نقصان ہوا۔ رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک بھارتی اور ایک بنگلہ دیشی شہری شامل ہے، جبکہ زخمی ہونے والے بارہ افراد بھی بنگلہ دیشی باشندے بتائے جا رہے ہیں۔
سعودی سول ڈیفنس حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں خلیجی ممالک پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ الخرج میں گرنے والا پروجیکٹائل کہاں سے فائر کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جس مقام پر یہ پروجیکٹائل گرا، وہ علاقہ گزشتہ ہفتے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران متعدد حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔
سعودی عرب کا ایران کو پیغام: عقلمندی سے کام لیں اور غلط فہمی سے گریز کریں
اس سے قبل سعودی وزارت دفاع نے بتایا تھا کہ شیبہ آئل فیلڈ کی جانب بڑھنے والے ایک ڈرون کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہ کر دیا گیا تھا۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ کشیدہ صورتحال کے باوجود ریاض ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کا سفارتی حل چاہتا ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
دوسری جانب بحرین کی وزارت داخلہ کے مطابق ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں پانی کو قابلِ استعمال بنانے والے ایک ڈی سیلینیشن پلانٹ کو بھی نقصان پہنچا ہے، جس کے بعد خطے میں سکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
