سعودی عرب برج الخلیفہ سے دوگنا بلند 6562 فٹ رائز ٹاور تعمیر کرے گا، جو ویژن 2030 کا حصہ ہے۔ یہ دنیا کی پہلی 2 کلومیٹر بلند عمارت ہوگی۔
دبئی میں موجود دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ کا ریکارڈ بہت جلد ختم ہونے والا ہے، کیونکہ سعودی عرب میں نہ صرف ایک کلومیٹر بلند جدہ ٹاور کی تعمیر دوبارہ شروع ہو چکی ہے بلکہ اس سے بھی بلند دو کلومیٹر بلند رائز ٹاور کی منصوبہ بندی بھی مکمل ہو چکی ہے۔
امریکی جریدے نیوز ویک کی رپورٹ کے مطابق، رائز ٹاور نامی یہ فلک بوس عمارت 6562 فٹ بلند ہوگی، جو نہ صرف برج الخلیفہ (2717 فٹ) بلکہ زیرِ تعمیر جدہ ٹاور (3281 فٹ) سے بھی دو گنا سے زیادہ بلند ہوگی۔ یہ دنیا کی پہلی 2 کلومیٹر اونچی عمارت ہوگی اور خلا سے بھی نظر آنے والی انسانی تعمیرات میں شامل ہوگی۔
یہ عظیم منصوبہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کا حصہ ہے اور اسے سعودی دارالحکومت ریاض کے شمالی علاقے نارتھ پول میں تعمیر کیا جائے گا۔ اس ٹاور کا ڈیزائن برطانیہ کی مشہور کمپنی فوسٹر اینڈ پارٹنرز نے تیار کیا ہے۔
سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے اس عمارت اور نارتھ پول ڈسٹرکٹ کی تعمیر کے لیے بولی کا عمل شروع کر دیا ہے، تاہم ابھی کسی تعمیراتی کمپنی کو ٹھیکہ نہیں دیا گیا، اور نہ ہی حتمی لاگت یا تکمیل کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اس منصوبے پر ابتدائی طور پر 5 ارب ڈالرز لاگت آئے گی، جو ممکنہ طور پر مستقبل میں بڑھے گی۔
اگرچہ رائز ٹاور کی تعمیر کی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی، لیکن چونکہ یہ ویژن 2030 کا حصہ ہے، اس لیے امکان ہے کہ اسے رواں دہائی کے آخر تک مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
یاد رہے کہ برج الخلیفہ 2010 سے دنیا کی بلند ترین عمارت ہے، مگر اب عرب دنیا کے اندر ہی اس کا ریکارڈ ایک دوسرے ملک، یعنی سعودی عرب، توڑنے کی تیاری میں ہے، جس سے عالمی تعمیراتی تاریخ کا ایک نیا باب رقم ہونے والا ہے۔