سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ ویزے کی مدتِ کار میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے اسے 3 ماہ سے کم کر کے ایک ماہ کر دیا ہے۔ نئی پالیسی کے مطابق ویزے کی مدت اجرا کی تاریخ سے شمار کی جائے گی۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ نئی ترامیم اگلے ہفتے سے نافذالعمل ہوں گی۔ اگر کوئی عمرہ زائر ویزا جاری ہونے کے 30 دن کے اندر سعودی عرب میں داخل نہیں ہوتا تو اس کا ویزا منسوخ کر دیا جائے گا۔
وزارت کے مطابق، ویزا کی مدتِ کار میں کمی کے باوجود قیام کی اجازت شدہ مدت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ سعودی عرب پہنچنے کے بعد تمام عمرہ زائرین کو 3 ماہ تک قیام کی اجازت حاصل ہوگی۔
قومی کمیٹی برائے عمرہ و زیارت کے مشیر احمد باجعفر نے بتایا کہ یہ اقدام مقدس شہروں میں نسبتاً ٹھنڈے مہینوں کے دوران زائرین کے ہجوم کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
اگرچہ عمرہ کی عبادات صرف مکہ مکرمہ میں ادا کی جاتی ہیں، تاہم زیادہ تر زائرین اپنے مختصر قیام کے دوران مدینہ منورہ کی زیارت بھی کرتے ہیں۔
رواں سال اکتوبر میں سعودی حکومت نے عمرہ کے ضوابط مزید سخت کیے تھے، جن کے تحت زائرین کے لیے رہائش کی پیشگی بکنگ اور آمد پر نقل و حمل کی تصدیق ’نُسک‘ یا ’مسار‘ پلیٹ فارم پر لازمی قرار دی گئی تھی۔
حال ہی میں مملکت نے وضاحت کی تھی کہ تمام اقسام کے ویزوں کے حامل افراد (بشمول سیاحتی ویزا) اپنے قیام کے دوران عمرہ ادا کرنے کے اہل ہیں۔
