سعودی عرب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں اور شدید ہوائیں دیکھنے کو ملیں، جس سے عمارتوں کی چھتیں گر گئیں، کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کئی گاڑیاں ملبے تلے آ کر تباہ ہوگئیں۔ ینبع میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے اور شہریوں کی زندگی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفانی سسٹم دیگر شہروں کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے پیش نظر جدہ اور ربیغ میں آج تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے اور کلاسز آن لائن منعقد کی جائیں گی۔ حکام نے کہا کہ طلبہ اور عملے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔
مدینہ منورہ اور ملحقہ علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے موسلادھار بارشیں جاری ہیں، جس سے صحرائی وادیوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ گرج چمک کے ساتھ بارش نے گنبدِ خضریٰ پر روح پرور مناظر پیدا کیے، لیکن شہریوں کے لیے مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔
سری لنکا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتیں 56 تک پہنچ گئیں
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بجلی کے کھمبوں اور خطرناک مقامات سے دور رہیں اور گاڑی چلانے میں محتاط رہیں۔ حکام نے مزید کہا کہ امدادی ٹیمیں اور سکیورٹی اہلکار متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں تاکہ ممکنہ حادثات کو فوری طور پر کنٹرول کیا جا سکے۔
موسم کی موجودہ صورتحال کے باعث شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
