ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سفارش پر شاہی فرمان جاری کرتے ہوئے شیخ ڈاکٹر صالح بن فوزان بن عبداللہ الفوزان کو سعودی عرب کا نیا مفتی اعظم مقرر کر دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (اسپا) کے مطابق، شیخ صالح الفوزان کو سینیئر علما کونسل کا چیئرمین اور جنرل پریزیڈنسی آف سائنٹیفک ریسرچ اینڈ افتا کا سربراہ بھی بنایا گیا ہے، جس کا درجہ ایک وزیر کے برابر ہوگا۔ یہ تقرری 22 اکتوبر 2025 کو شاہی دیوان کی جانب سے اعلان کی گئی۔
یہ تقرری سابق مفتی اعظم شیخ عبد العزیز آل الشیخ کے انتقال کے بعد کی گئی ہے، جو 23 ستمبر 2025 کو 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ 1999 سے اس اعلیٰ عہدے پر فائز تھے اور آل الشیخ خاندان سے تعلق رکھتے تھے، جو محمد بن عبد الوہاب کی نسل سے ہے۔
شیخ صالح الفوزان، جو 90 سالہ ممتاز سلفی عالم ہیں، نے اسلامی علوم میں یونیورسٹی ڈگری، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی حاصل کی ہے۔
انہوں نے ریاض کے مختلف دینی اداروں میں تدریس کی، بشمول کالج آف شریعہ اور ہائیئر انسٹی ٹیوٹ آف جیوشرسڈن۔ وہ "نور علی الدرب” ریڈیو پروگرام کے ذریعے فتاویٰ جاری کرتے رہے ہیں اور متعدد کتابیں لکھی ہیں۔