روسی فضائی حملوں نے یوکرین میں تباہی مچا دی۔ اپوریژیا میں جیل پر بمباری سے 16 افراد ہلاک، دیگر علاقوں میں مزید جانی نقصان ہوا۔
یوکرین کے شہر کیف اور دیگر علاقوں میں روس نے رات گئے فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے۔ یوکرینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوریژیا میں ایک جیل پر روس کی جانب سے مسلسل آٹھ فضائی حملے کیے گئے۔
ان حملوں میں FAB طرز کے وزنی بم استعمال کیے گئے، جنہوں نے جیل کی عمارت کو شدید نقصان پہنچایا۔ حکام کے مطابق جیل پر بمباری کے نتیجے میں 16 قیدی ہلاک اور 35 دیگر شدید زخمی ہوئے۔
ادھر یوکرین کے جنوبی علاقے ڈنیپروپیٹروفسک میں بھی روسی حملے کیے گئے، جن میں مزید 4 افراد جان سے گئے، جبکہ متعدد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حملوں میں شہری املاک کو بھی نقصان پہنچا، اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
یوکرینی وزارتِ دفاع نے روس کے ان حملوں کو جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے سخت ردعمل کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ روسی حکام کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ فروری 2022 سے جاری ہے اور اب تک ہزاروں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ روس پر بارہا شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کے الزامات عائد کیے جا چکے ہیں۔