روس کا یوکرین پر اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ، ایف 16 طیارہ تباہ، پائلٹ ہلاک

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

روس نے گزشتہ شب یوکرین پر 537 ڈرونز اور میزائلوں سے شدید حملہ کیا، جسے روکنے کے دوران یوکرینی فضائیہ کا ایک ایف-16 طیارہ تباہ ہوا، پائلٹ جان کی بازی ہار گیا

کیف: روس نے یوکرین پر گزشتہ شب ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ کیا، جس کے دوران یوکرین کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ یوکرینی فوج کے مطابق، اس بڑے پیمانے کے حملے میں روس نے 537 ڈرونز اور میزائل داغے، جن میں سے 249 کو یوکرینی دفاعی نظام نے کامیابی سے مار گرایا، جبکہ متعدد ڈرون اور میزائل ریڈار سے غائب ہو گئے۔

latest urdu news

یوکرینی فضائیہ کا کہنا ہے کہ روسی حملے میں کئی بڑے شہروں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اہم سول انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا اور متعدد شہری زخمی ہوئے۔ اس شدید حملے کو ناکام بنانے کی کوشش میں یوکرینی فضائیہ کا ایک ایف-16 لڑاکا طیارہ بھی گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے نتیجے میں طیارے کا پائلٹ جاں بحق ہو گیا۔

یوکرینی فوج کے مطابق، شہید پائلٹ نے دشمن کے سات فضائی اہداف کو کامیابی سے تباہ کیا، تاہم آخری ہدف کو نشانہ بناتے وقت طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ یوکرینی حکام نے پائلٹ کی قربانی کو بہادری کی اعلیٰ مثال قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین نے گزشتہ برس امریکی ساختہ ایف-16 طیاروں کا استعمال شروع کیا تھا، جن میں سے یہ تیسرا طیارہ ہے جو فضائی کارروائی کے دوران تباہ ہوا۔ فی الوقت یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یوکرین کے پاس کتنے ایف-16 طیارے موجود ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق ان کی تعداد محدود ہے۔

یاد رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں فضائی حملے، ڈرون وار اور میزائل حملے شدت اختیار کر چکے ہیں، جبکہ عالمی سطح پر دونوں فریقین کو ہتھیاروں کی فراہمی اور عسکری امداد مسلسل جاری ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter