سعودی دارالحکومت ریاض میں فوڈ سیفٹی کی سنگین خلاف ورزیوں پر 84 کاروبار کو بند کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی بلدیاتی انسپکٹرز کی جانب سے ایک وسیع کریک ڈاؤن کے دوران عمل میں آئی، جس میں رہائشی علاقوں میں موجود دکانوں، کیفے، قصائیوں، گلیوں کے سٹالز اور غیر قانونی گوداموں کو نشانہ بنایا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ مہم سیکیورٹی فورسز اور مختلف سرکاری اداروں کے تعاون سے انجام دی گئی، جس میں منفوحہ کے قریب واقع گنجان آباد علاقے کو خصوصی توجہ دی گئی، جہاں غیر معیاری خوراک کی شکایات زیادہ موصول ہو رہی تھیں۔
انسپکشن کے دوران حکام نے 531 وارننگز جاری کیں، 11 مقامات کی بجلی منقطع کر دی، جبکہ 31,000 سے زائد ناقص اشیاء ضبط کی گئیں جو انسانی استعمال کے لیے غیر موزوں تھیں۔ ضبط کی گئی اشیاء میں 5300 کلوگرام خوراک اور 25 کلوگرام تمباکو شامل ہے، جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق، مجموعی طور پر 400 سے زائد فوڈ سیفٹی کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں، جو نہ صرف صارفین کی صحت کے لیے خطرناک تھیں بلکہ سعودی فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزی بھی تھیں۔
سعودی عرب میں منشیات اسمگل کرنے پر غیر ملکی کو سزائے موت، عدالتی فیصلے پر عملدرآمد
ریاض میونسپلٹی نے واضح کیا ہے کہ خوراک کے کاروبار سے وابستہ افراد کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صحت و صفائی کے اصولوں پر مکمل عمل درآمد کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر معیاری خوراک یا خلاف ورزیوں کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں۔