بھارتی ریاست راجستھان میں یاتریوں کی گاڑی کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 11 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ ضلع داؤسا میں بدھ کی صبح تقریباً 4 بجے پیش آیا، جب سالاسر بالاجی مندر سے واپس آنے والے یاتریوں کی پک اپ وین سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ ہلاک ہونے والوں میں 7 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ 9 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق تمام یاتری اتر پردیش کے رہائشی تھے اور دو پک اپ وینز میں سفر کر رہے تھے۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک وین نے قابو کھو دیا اور کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور متاثرہ گاڑی کو سڑک سے ہٹا دیا گیا۔ مقامی انتظامیہ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔