بھارت میں بی جے پی حکومت اور الیکشن کمیشن کے مبینہ گٹھ جوڑ کے خلاف اپوزیشن کا احتجاج، کانگریس رہنما راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی کو حراست میں لے لیا گیا۔
نئی دہلی ،بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے بی جے پی حکومت اور الیکشن کمیشن کے مبینہ گٹھ جوڑ کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا، جس میں کانگریس کے اہم رہنما راہول گاندھی اور ان کی بہن پریانکا گاندھی کو گرفتار کر لیا گیا۔
احتجاجی ریلیوں کے دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی، تاہم کانگریس کارکنوں اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے حامیوں نے شدید نعرے بازی کی اور مودی سرکار پر انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کیے۔
راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ بی جے پی جمہوری اداروں کو کمزور کر رہی ہے اور الیکشن کمیشن اس کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ پریانکا گاندھی نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت عوامی مینڈیٹ چرانے کی کوشش کر رہی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
مودی سرکار کی خارجہ پالیسی ناکام ہوچکی ہے، راہول گاندھی کی شدید تنقید
پولیس کے مطابق دونوں رہنماؤں کو احتجاجی مظاہرے میں نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا، تاہم انہیں کچھ گھنٹوں بعد رہا کر دیا گیا۔ اپوزیشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے احتجاج کو مزید تیز کرے گی۔