قطر کے وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تائید کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے کہا کہ قطر خطے میں کشیدگی سے گریز کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے اور امید ہے کہ سفارتی ذرائع سے تناؤ میں کمی ممکن ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی معیشت کو درست راہ پر گامزن کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیراعظم کو بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پہلگام واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی پاکستانی پیشکش ہمارے اصولی مؤقف کی عکاسی کرتی ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں، لیکن اگر بھارت غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنانا چاہتا ہے تو اسے جان لینا چاہیے کہ ہم دباؤ میں آنے والے نہیں ہیں۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پہلگام میں سیاحوں کا قتل افسوسناک سانحہ ہے، لیکن بھارت نے بغیر ثبوت پاکستان پر الزام دھر دیا، حالانکہ پاکستان خود دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا مقابلہ صرف طاقت سے نہیں بلکہ انصاف سے ممکن ہے، ہم دنیا اور بھارت کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ مسائل کا حل گولی نہیں، قانون اور عدل ہے۔