ماسکو، (نیوز ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ہیلی کاپٹر پر یوکرینی ڈرونز کی جانب سے مبینہ حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ واقعہ 20 مئی کو روس کے کرسک ریجن کے دورے کے دوران پیش آیا، جب صدارتی ہیلی کاپٹر یوکرین سے متصل علاقے کی فضائی حدود میں داخل ہو رہا تھا۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، جیسے ہی ہیلی کاپٹر کرسک کی فضاؤں میں داخل ہوا، ڈرون حملوں کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ تاہم روسی فضائی دفاعی نظام اور ہیلی کاپٹر میں موجود پائلٹس نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ڈرونز کو فضاء میں ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔
روسی فضائی دفاعی ڈویژن کے کمانڈر، یوری داشکن کے مطابق، "صدر پیوٹن کا ہیلی کاپٹر حملے کے ممکنہ مرکز میں تھا، لیکن خودکار دفاعی نظام کی مدد سے یوکرینی ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا گیا اور صدر کو بحفاظت مقررہ مقام تک پہنچا دیا گیا۔”
رپورٹ کے مطابق، حملے کے بعد صدر پیوٹن نے اپنا دورہ مکمل کرتے ہوئے مقامی رضاکاروں، میونسپل حکام اور کرسک کے عبوری گورنر سے ملاقاتیں بھی کیں۔