ایک برطانوی ڈاکیومنٹری ساز نے دلچسپ اور حیران کن دعویٰ کیا ہے کہ پوپ لیو اس برس خلائی مخلوق کے ساتھ ممکنہ پہلے رابطے کی صورت میں ان سے متعلق خطاب کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس دعوے نے عالمی سطح پر سائنسی اور مذہبی حلقوں میں بحث کو جنم دے دیا ہے۔
یو ایف او ریسرچر اور ڈاکیومنٹری ساز مارک کرسٹوفر لی کے مطابق انہیں ویٹیکن کے خفیہ آرکائیوز تک رسائی حاصل ہو گئی ہے، جہاں وہ تاریخی اور پُراسرار واقعات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ریکارڈز ممکنہ طور پر انسانیت اور زمین سے باہر موجود کسی زندگی کے درمیان رابطے کے شواہد پر روشنی ڈال سکتے ہیں۔
مارک کرسٹوفر لی نے بتایا کہ کیتھولک چرچ پہلے ہی اس امکان پر غور کر رہا ہے کہ اگر خلائی زندگی کا انکشاف ہوتا ہے تو اس کے مذہبی اور روحانی اثرات کیا ہوں گے۔ ان کے مطابق چرچ اس موضوع پر فکری اور نظریاتی تیاری کر رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال میں مؤقف واضح ہو۔
ڈاکیومنٹری ساز کا مزید کہنا ہے کہ ویٹیکن آرکائیوز میں موجود دستاویزات میں ایسے پُراسرار مظاہر، روحانی تجربات اور غیر معمولی واقعات کے حوالے شامل ہیں جو انسان کے زمین سے باہر کسی مخلوق سے ممکنہ رابطے کی طرف اشارہ کر سکتے ہیں۔ ان دعوؤں نے ایک بار پھر خلائی مخلوق کے وجود اور مذہب کے ممکنہ تعلق پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
