نجی ایئرلائن کی بدانتظامی کے باعث لاہور سے کراچی جانے والا ایک مسافر غلطی سے بین الاقوامی پرواز کے ذریعے سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچا دیا گیا، جس پر پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے نوٹس لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، لاہور ایئرپورٹ سے کراچی جانے والے مسافر نے شکایت کی ہے کہ اسے جہاز میں سوار ہونے کے دوران نہ صرف غلط فلائٹ پر بٹھا دیا گیا بلکہ ایئرہوسٹس نے اس کے ٹکٹ چیک کرنے کے باوجود کوئی رہنمائی نہیں کی۔ متاثرہ مسافر نے بتایا
دو مختلف طیارے ایک ساتھ کھڑے تھے، میں نے ایئرہوسٹس کو ٹکٹ بھی دکھایا لیکن انہوں نے کچھ نہیں کہا۔ میرے پاس پاسپورٹ اور ویزا بھی نہیں تھا۔ جب دو گھنٹے گزرنے کے بعد میں نے عملے سے پوچھا کہ کراچی کب آئے گا تو وہ سب حیران رہ گئے۔
ایئرپورٹ منیجر نے نجی ٹی وی دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ واقعہ ایئرلائن کی سنگین غفلت کا نتیجہ ہے اور انہوں نے نجی ایئرلائن کے خلاف کارروائی کی باقاعدہ درخواست ائیرپورٹ اتھارٹی کو بھیج دی ہے۔
متاثرہ مسافر کے مطابق، غلط پرواز میں سوار ہونے کے بعد جب اس نے عملے کو اپنی صورتحال بتائی تو عملہ اُلٹا اُسے ہی قصوروار ٹھہرانے لگا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق، ایسے واقعات ہوائی سفر کے سخت سیکیورٹی اور امیگریشن ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہیں، اور نجی ایئرلائن کے عملے کی پیشہ ورانہ لاپروائی کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے واقعے کی مکمل انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔