سعودی عرب میں غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور ایک ہفتے کے دوران 14,039 افراد کو ملک بدر کیا گیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق 16 سے 22 اکتوبر کے دوران مختلف سرکاری اداروں کے اشتراک سے مشترکہ آپریشنز کیے گئے جن میں 22,613 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان میں 13,652 افراد اقامہ قوانین، 4,394 افراد سرحدی قوانین اور 4,567 افراد لیبر قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے۔ وزارت نے بتایا کہ 23,021 غیر ملکیوں کو اپنے ممالک کے سفارتی مشنوں کے حوالے کیا گیا تاکہ سفری دستاویزات جاری کی جا سکیں، جبکہ 3,939 افراد کو سفری انتظامات مکمل کرنے کے لیے منتقل کیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ 1,699 افراد کو غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا، جن میں اکثریت ایتھوپین اور یمنی شہریوں کی تھی۔ اسی طرح 35 افراد کو ملک سے غیر قانونی طور پر نکلنے اور 23 افراد کو قانون شکنوں کو پناہ یا روزگار فراہم کرنے پر حراست میں لیا گیا۔ وزارتِ داخلہ نے خبردار کیا کہ ایسے افراد کو 15 سال قید، دس لاکھ ریال تک جرمانہ اور جائیداد یا گاڑی ضبط ہونے کی سزا ہو سکتی ہے۔
