نئی دہلی، بھارت نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان کی حالیہ جوابی کارروائی میں اودھم پور، بھوج، پٹھان کوٹ اور بھٹنڈہ میں فضائیہ کے اڈوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، کرنل صوفیہ قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان مغربی سرحدوں پر مسلسل حملے کر رہا ہے۔
کرنل صوفیہ کے مطابق پاکستانی افواج نے بھارتی عسکری ٹھکانوں پر حملوں کے لیے ڈرونز، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل، بارودی مواد اور جنگی طیارے استعمال کیے۔
انہوں نے بتایا کہ اگرچہ بھارت نے کئی خطرات کو ناکام بنایا، لیکن پاکستان کی جانب سے 26 سے زائد مقامات پر فضائی دراندازی کی کوشش کی گئی، ان حملوں میں پٹھان پور، بھوجن پور اور دیگر فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں بھارتی سازوسامان اور اہلکاروں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب، پاکستان نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اپنی فضائی حدود اتوار کی دوپہر 12 بجے تک بند کر دی ہے۔
کرنل صوفیہ کے مطابق، پاکستان کے تیز رفتار میزائلوں نے پنجاب میں بھارتی ایئر بیس کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
ادھر ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے کہا ہے کہ بھارتی مسلح افواج نے صرف مخصوص اور عسکری اہداف کو ہدف بنایا، جبکہ پاکستانی افواج کو سرحدی علاقوں کی طرف پیش قدمی کرتے دیکھا گیا ہے، جو ان کے جارحانہ عزائم کی علامت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی افواج پوری طرح چوکنا اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ ترین درجے پر ہیں، اور پاکستان کو مؤثر جواب دیا گیا ہے۔