تامل ناڈو کی انجینئر خاتون نے یکطرفہ محبت میں 21 بم دھمکیاں دے دیں، پولیس نے خاتون کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔
بھارتی ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ خاتون، رینی جوشیلڈا، نے یکطرفہ محبت میں انتقام لیتے ہوئے ملک بھر کے 21 مقامات پر بم دھماکوں کی جعلی دھمکیاں دے ڈالیں، جس سے نہ صرف شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا بلکہ پولیس فورس بھی گمراہ ہو گئی۔ خاتون پیشے کے لحاظ سے روبوٹکس انجینئر ہے اور ایک بین الاقوامی فرم میں سینئر کنسلٹنٹ کے طور پر کام کر رہی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، رینی اُس مرد سے یکطرفہ محبت کرتی تھی جس نے حال ہی میں کسی اور خاتون سے شادی کر لی۔ اس کے بعد رینی کے جذبات شدید انتقامی رویے میں تبدیل ہو گئے، اور اس نے 12 مختلف بھارتی ریاستوں میں اسکولوں، اسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی دھمکی آمیز ای میلز بھیجنا شروع کر دیں۔
دھمکیوں میں گجرات، مہاراشٹرا، دہلی اور تامل ناڈو سمیت کئی اہم شہروں کو نشانہ بنانے کا ذکر تھا، جبکہ بعض ای میلز میں ایئر انڈیا کے حادثے اور وی آئی پی موومنٹس کا بھی حوالہ دیا گیا، تاکہ ان دھمکیوں کو حقیقت کا رنگ دیا جا سکے۔
ملزمہ نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے جعلی ای میل آئی ڈیز، ورچوئل نمبرز، اور وی پی این کا استعمال کیا، مگر ایک غلطی نے اس کی تمام چالاکی کو بے نقاب کر دیا۔ پولیس کے مطابق، رینی نے ایک ہی ڈیوائس سے اپنی اصل اور جعلی ای میلز میں لاگ اِن کیا، جس سے اس کا آئی پی ایڈریس ٹریس ہو گیا اور وہ پولیس کے ہتھے چڑھ گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ رینی کی جانب سے بھیجی گئی ان ای میلز نے نہ صرف پولیس کو الجھن میں ڈالا بلکہ شہریوں کو بھی غیر یقینی اور خوف کی کیفیت میں مبتلا کر دیا۔ پولیس نے خاتون کے خلاف دہشت گردی، سازش، اور سائبر کرائمز کی دفعات کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ بھارت میں یکطرفہ تعلقات کی خطرناک حدوں اور ٹیکنالوجی کے غیر ذمہ دارانہ استعمال کی ایک سنگین مثال کے طور پر سامنے آیا ہے۔