بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں سسرالیوں نے جہیز نہ لانے پر خاتون کو اس کے بچے کے سامنے زندہ جلا دیا، شوہر گرفتار، دیگر ملزمان فرار۔
نوئیڈا، بھارت میں ایک اور لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں جہیز کی لالچ میں درندہ صفت سسرالیوں نے ایک خاتون کو بے رحمی سے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں نکی نامی خاتون کو اس کے شوہر اور اہل خانہ نے جہیز نہ لانے پر تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں بچوں کے سامنے پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔
نکی کی بہن کنچن، جس کی شادی بھی اسی گھر میں ہوئی تھی، نے الزام لگایا کہ دونوں بہنیں کئی برسوں سے سسرالیوں کے ظلم و ستم کا شکار تھیں۔ ان کے بقول شادی کے فوراً بعد ہی جہیز کے مطالبات شروع ہو گئے اور سسرالیوں نے بار بار 36 لاکھ روپے کی ڈیمانڈ کی۔
موٹرسائیکل اور سونا دینے کے باوجود مزید جہیز کا لالچ ختم نہ ہوا اور آئے روز انہیں تشدد سہنا پڑا۔ کنچن کے مطابق جمعرات کو پہلے اسے کئی گھنٹے مارا پیٹا گیا اور موت کی دھمکیاں دی گئیں، پھر اسی شام اس کی بہن نکی کو بے دردی سے زندہ جلا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ سسر، ساس اور دیور سمیت دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ اس واقعے نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور بھارت میں ایک بار پھر جہیز کے خلاف آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں جہیز کے مطالبات اور اس کی وجہ سے خواتین پر تشدد کے واقعات عام ہیں اور ہر سال سیکڑوں خواتین اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں، لیکن سخت قوانین کے باوجود یہ سماجی لعنت تاحال ختم نہیں ہو سکی۔