ریاض: سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اقوامِ متحدہ میں دو ریاستی حل پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح اعلان کیا ہے کہ جب تک فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوتی، اسرائیل سے تعلقات بحال نہیں کیے جائیں گے۔
کانفرنس کی میزبانی سعودی عرب اور فرانس نے مشترکہ طور پر کی، جہاں شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ دو ریاستی حل ہی مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن اور استحکام کی کلید ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ خطے میں سیکیورٹی، خوشحالی اور انصاف کا آغاز آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سے ہوتا ہے، جو 4 جون 1967 کی سرحدوں پر قائم ہو اور جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔
سعودی وزیر خارجہ نے "عرب انیشی ایٹو” کو مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کا اہم فریم ورک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غزہ میں جاری انسانی بحران کا فوری خاتمہ کیا جائے۔
شہزادہ فیصل نے بتایا کہ سعودی عرب اور فرانس نے عالمی بینک کے ذریعے فلسطینیوں کو 300 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے اور عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے دیرپا حل پر زور دے رہی ہے۔