بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، اور ’’آپریشن سندور‘‘ اپنی مکمل شکل تک پہنچنا باقی ہے۔ کانپور میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بھارت نے دہشت گردی کے خلاف اپنا موقف بالکل واضح کر دیا ہے اور ہر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
مودی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے جس طرح ہماری بہنوں کے ’سندور‘ کو مٹانے کی کوشش کی، اس کا بدلہ بھارتی فوج نے انہی کی زبان میں دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھارت کسی بھی ایٹمی دھمکی سے مرعوب نہیں ہوگا، اور تمام فیصلے بھارت کی مسلح افواج کی صوابدید پر ہوں گے، جو وقت اور طریقہ کار کا خود تعین کریں گی۔
اپنے خطاب میں نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان پر الزام لگایا کہ وہ ریاستی اور غیر ریاستی دہشت گردوں کے ذریعے بھارت کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن یہ کھیل اب زیادہ دیر نہیں چلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن چاہے جہاں بھی چھپا ہو، اسے بخشا نہیں جائے گا۔
مغربی بنگال کے علاقے علی پور دوار میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بھارت نے دشمن کو تین مرتبہ اس کی سرزمین پر جا کر جواب دیا ہے، اور ’’آپریشن سندور‘‘ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ مبصرین کے مطابق مودی نے جس تسلسل کا ذکر کیا، اس میں 2016 کی سرجیکل اسٹرائیک، 2019 کا بالا کوٹ فضائی حملہ، اور حالیہ مبینہ خفیہ کارروائیاں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اب دہشت گردی کے خلاف صفر برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، اور اگر مستقبل میں بھارت پر کوئی حملہ ہوا تو دشمن کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ مودی نے پاکستانی فوج کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسے صرف دہشت گردی اور خونریزی کی تربیت حاصل ہے، اور وہ جنگ ہو یا جھڑپ، ہمیشہ شکست کھاتی ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد بھارت نے اس کا الزام براہ راست پاکستان پر عائد کیا تھا۔ اس کے بعد مئی کے اوائل میں بھارت نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سمیت متعدد علاقوں میں مبینہ حملے کیے، جس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان چار روز تک شدید کشیدگی رہی اور دونوں نے ایک دوسرے کے علاقوں میں اہم اہداف کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کی جھوٹی رپورٹس، فیک ویڈیوز اور اشتعال انگیز دعوؤں کا پول کھل گیا، آئی ایس پی آر کی بروقت بریفنگ اور ثبوتوں نے مودی سرکار کی پروپیگنڈا مشینری کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا۔