بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان کے خلاف فتح پر بھارتی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے متنازع جملہ استعمال کیا۔
مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں لکھا: "کھیل کے میدان میں آپریشن سندور، اور یہ بھی بھارت جیت گیا۔” ان کے اس بیان پر نہ صرف پاکستان بلکہ خود بھارت کے سنجیدہ حلقوں میں بھی تنقید کی لہر دوڑ گئی ہے۔
دفاعی ماہرین اور مبصرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم مودی کرکٹ جیسے کھیل کو سیاسی اور عسکری حوالوں سے جوڑ کر دراصل اپنی حکومت کی ناکام پالیسیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق "آپریشن سندور” کو کامیابی کے طور پر پیش کرنا بھارتی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، کیونکہ اس آپریشن کے نتیجے میں نہ صرف بھارت کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کی ساکھ کو شدید دھچکا لگا۔
بھارتی کھلاڑیوں نے فرضی ٹرافی کے ساتھ تصاویر شیئر کر دیں
یاد رہے کہ رواں سال مئی میں ہونے والے کشیدگی بھرے حالات میں پاکستانی فضائیہ نے بھارتی فضائی حدود میں مداخلت کرنے والے 7 جنگی طیارے مار گرائے تھے، جس کے بعد عالمی برادری نے فوری مداخلت کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سیزفائر کروایا۔ دفاعی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ مودی حکومت اپنی عسکری ناکامیوں کو کرکٹ کی جیت سے چھپانے کی کوشش کر رہی ہے، جو کہ ایک غیر سنجیدہ اور خطرناک رجحان ہے۔