فضائی ٹکٹ کا خرچہ بچانے کے لیے 8 گاڑیاں چرانے والا شخص گرفتار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

چین کے صوبہ لیاؤننگ سے تعلق رکھنے والے شخص نے ہوائی سفر سے بچنے کے لیے 8 گاڑیاں چرالیں، سفر کے دوران کئی شہروں سے گزرا، پولیس نے گرفتار کر لیا۔

چین میں ایک غیرمعمولی واقعے نے انٹرنیٹ صارفین کو حیران کر دیا، جب ایک شخص نے فضائی سفر کے مہنگے اخراجات سے بچنے کے لیے چوری کا راستہ اپنا لیا۔ شمال مشرقی چین کے صوبے لیاؤننگ سے تعلق رکھنے والے چِن نامی شخص نے وسطی صوبہ ہونان سے اپنے گھر واپسی کے لیے پہلے ایک پرواز کا ٹکٹ خریدا جس کی قیمت 1500 یوان تھی، مگر اسے یہ رقم بہت زیادہ محسوس ہوئی، چنانچہ اس نے ٹکٹ منسوخ کر کے اپنے پرانے مجرمانہ طریقے کو دوبارہ آزمانے کا فیصلہ کیا۔

latest urdu news

چِن نے 31 مئی کو رات کے وقت ایک گاڑی چرائی اور گھر کی جانب اپنا غیر قانونی سفر شروع کیا۔ اس دوران وہ سات مختلف شہروں سے گزرا اور کل آٹھ گاڑیاں چرالیں۔ جب بھی گاڑی کا ایندھن ختم ہوتا، وہ اسے چھوڑ کر دوسری گاڑی چرا لیتا۔ وہ راستے میں گاڑیوں میں موجود قیمتی اشیاء بھی چرا کر فروخت کرتا رہا تاکہ کھانے پینے اور سڑک کے اخراجات پورے کر سکے۔

چِن کی جانب سے ووہان شہر میں ایک شوروم سے ڈیڑھ لاکھ یوان مالیت کی گاڑی چرانے پر شوروم عملے نے فوراً پولیس سے رابطہ کیا۔ پولیس نے گاڑی کو ٹریک کیا اور دیکھا کہ وہ شمال کی سمت رواں دواں ہے۔ اگلے دن صوبہ ہیبئی میں چِن نے ایک اور گاڑی چرانے کی کوشش کی اور مزاحمت پر مالک کو زخمی کر دیا۔ تاہم 24 گھنٹے بعد پولیس نے اسے ایک گاڑی میں سوتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق چِن کی جانب سے چرائی گئی گاڑیوں کی مجموعی مالیت دس لاکھ یوان سے زیادہ ہے اور تمام گاڑیاں بازیاب کر لی گئی ہیں۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے کہ سفر بچانے کے لیے قانون شکنی کرنے والا یہ شخص کس حد تک گیا اور کس طرح اس نے کئی شہروں میں پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونک کر سفر کیا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter