شمالی ترکیہ: تقریباً ایک ارب ڈالر کی لاگت سے تیار کی جانے والی ایک لکژری کشتی اپنے پہلے ہی سفر کے دوران 15 منٹ کے اندر سمندر میں ڈوب گئی۔ یہ واقعہ شمالی ترکیہ کے ساحل پر پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ دو منزلہ کشتی تھی جس کی لمبائی 85 فٹ تھی اور اسے جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا تھا۔ کشتی جیسے ہی سمندر میں اتاری گئی، کچھ ہی دیر بعد ناقص توازن یا فنی خرابی کے باعث پانی میں ڈوبنے لگی۔
حادثے کے وقت کشتی میں موجود کپتان، مالک اور دو دیگر افراد نے اپنی جان بچانے کے لیے فوراً سمندر میں چھلانگ لگا دی۔ خوش قسمتی سے تمام افراد محفوظ رہے، تاہم اربوں کی لاگت سے تیار کی گئی کشتی چند ہی لمحوں میں سمندر برد ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق، کشتی کی ڈوبنے کی مکمل ویڈیو ریکارڈ کی گئی جو نہ صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو چکی ہے بلکہ عالمی میڈیا نے بھی اسے نمایاں طور پر نشر کیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح کشتی آہستہ آہستہ ایک جانب جھکتی ہے اور پھر مکمل طور پر پانی میں غرق ہو جاتی ہے۔
A brand-new luxury yacht, valued at $1M USD, sank just 15 minutes after its maiden launch.
— Science girl (@gunsnrosesgirl3) September 3, 2025
سوشل میڈیا صارفین نے واقعے پر حیرت اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جبکہ کچھ صارفین نے اس پر طنزیہ تبصرے بھی کیے ہیں۔ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ "ایک ارب ڈالر اور صرف 15 منٹ؟”۔
واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ اتنی مہنگی کشتی کیسے بغیر مکمل جانچ کے سمندر میں اتاری گئی، اور کیا اس کے پیچھے فنی خرابی، انجینئرنگ کی غفلت یا انسانی غلطی شامل تھی۔