واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو امن معاہدہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہے کہ امریکی صدر نے پیوٹن کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ گولیاں چلانا بند کرو اور معاہدہ کرو۔
سماجی پلیٹ فارم "ٹرتھ سوشل” پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے لکھا کہ وہ روس کی جانب سے کیے جانے والے حملوں سے خوش نہیں ہیں اور یہ حملے غیر ضروری ہیں، ان کی ٹائمنگ بھی بہت غلط ہے۔
ٹرمپ نے روسی صدر سے کہا کہ ولادیمیر، روکو! پانچ ہزار فوجی ہر ہفتے موت کو گلے لگا رہے ہیں، آؤ امن ڈیل کریں۔
دوسری طرف، امریکا نے مارچ کے وسط سے یمن میں 800 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جس میں سینکڑوں حوثی باغی جنگجو مارے گئے ہیں، جن میں گروپ کی قیادت کے ارکان بھی شامل ہیں۔
یہ حملے امریکا کی جانب سے سعودی عرب کی قیادت میں جاری یمنی تنازعے میں فوجی کارروائیوں کا حصہ ہیں۔
امریکی فضائی حملے حوثی باغیوں کی پوزیشنوں، اسلحہ کے ذخائر اور حکومتی افواج کے خلاف ان کے آپریشنز کو متاثر کرنے کے لیے کیے جاتے ہیں، ان حملوں میں سینکڑوں باغی جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں اور یمن میں موجود جنگی قیادت کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔