شاہ سلمان کا بڑا فیصلہ: مسجد قبلتین اب 24 گھنٹے کھلی رہے گی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مدینہ منورہ کی تاریخی مسجد قبلتین کو زائرین کے لیے دن رات کھلا رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

شاہ سلمان نے اپنے فرمان میں کہا کہ مسجد قبلتین آنے والے زائرین کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ان خصوصی اقدامات کا حصہ ہے جو سعودی حکومت مقدس مساجد اور اسلامی ورثے کی نگہداشت کے لیے مسلسل کر رہی ہے، بالخصوص حرمین شریفین کے حوالے سے۔

latest urdu news

مدینہ منورہ کے مغربی علاقے میں واقع مسجد قبلتین اسلامی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ یہ وہی مقام ہے جہاں نبی کریم ﷺ کو نماز کے دوران قبلہ تبدیل کرنے کا حکم ملا تھا — یعنی بیت المقدس سے خانہ کعبہ کی طرف رخ موڑنے کی وحی نازل ہوئی۔

اسی وجہ سے اسے "مسجدِ دو قبلہ” (مسجد قبلتین) کہا جاتا ہے۔ اس مسجد کی تعمیر ہجرت کے دوسرے سال صحابی سواد بن غنم بن کعبؓ نے کروائی تھی۔

توسیع کے بعد مسجد قبلتین میں اب تقریباً 3,000 نمازیوں کی گنجائش ہے۔ یہ مسجد مسجد نبوی سے تقریباً 5 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور زائرین کے لیے ایک اہم روحانی و تاریخی مقام کی حیثیت رکھتی ہے۔

شاہ سلمان کی جانب سے مسجد کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ دنیا بھر سے آنے والے زائرین کے لیے خوشی کی خبر ہے، جو اب کسی وقت بھی اس مقدس مقام پر حاضری دے سکیں گے۔ اس فیصلے سے مدینہ منورہ میں مذہبی سیاحت کو بھی مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter