اتوار, 8 جون , 2025

آیت اللہ خامنہ ای کی پاکستان کے فلسطینی مؤقف کی تعریف، صیہونی جرائم کے خلاف مشترکہ کوششوں پر زور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کو صیہونی جرائم کے خلاف یکجا ہونا چاہیے اور ایران و پاکستان اس حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

latest urdu news

تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی کھل کر تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ ایران و پاکستان کو مل کر غزہ میں صیہونی جرائم کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہییں۔

آیت اللہ خامنہ ای نے یہ بات پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے تہران میں ملاقات کے بعد اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ "فلسطین کے معاملے میں پاکستان کا مؤقف ہمیشہ قابلِ تحسین رہا ہے۔ اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کے لیے کئی مسلم ممالک کو ترغیب دی گئی، لیکن پاکستان نے کبھی اس دباؤ کو قبول نہیں کیا۔”

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بعض مسلم ممالک صیہونی حکومت کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان اور ایران جیسے ممالک باہمی تعاون کے ذریعے مسلم دنیا میں بامعنی کردار ادا کر سکتے ہیں تاکہ فلسطینی کاز کو موجودہ غلط سمت سے نکال کر صحیح سمت میں لایا جا سکے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ وہ مسلم دنیا کے روشن مستقبل سے پرامید ہیں، اور حالیہ عالمی پیش رفت اس امید کو تقویت دیتی ہے۔

انہوں نے پاک-بھارت تنازعات میں کمی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک اپنے مسائل پرامن طریقے سے حل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج جب جنگ کے حامی عناصر دنیا کو انتشار میں دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، تو مسلم اقوام کے درمیان اتحاد، امن اور استحکام مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

ایران کے سپریم لیڈر نے ایران و پاکستان کے تعاون سے اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کو فعال کرنے پر بھی زور دیا تاکہ خطے میں معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے ایران و پاکستان کے تعلقات کو تاریخی، گرمجوش اور برادرانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عراق جنگ کے دوران بھی پاکستان نے جو مؤقف اختیار کیا، وہ ہمارے باہمی اعتماد اور اخوت کی واضح مثال ہے۔

واضح رہے کہ آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان بھی موجود تھے، جبکہ پاکستانی وفد میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ شامل تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات ہمیشہ قریبی اور برادرانہ رہے ہیں، اور دونوں ممالک نے متعدد علاقائی و عالمی مسائل پر یکساں مؤقف اختیار کیا ہے۔ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا دو ٹوک اور مستقل مؤقف خطے میں پاکستان کی اصولی خارجہ پالیسی کا حصہ رہا ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای کی طرف سے اس مؤقف کی تعریف اس تعلق کی گہرائی اور اہمیت کو مزید اجاگر کرتی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter