ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد بند کی گئی فضائی حدود اردن، لبنان اور شام نے دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا، پروازیں بحال ہونے لگیں۔
اردن، لبنان اور شام نے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث احتیاطاً بند کی گئی اپنی فضائی حدود اب دوبارہ کھول دی ہیں۔ اردن کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین نے بتایا کہ ہفتے کی صبح 7 بج کر 30 منٹ پر اردن کی فضائی حدود باقاعدہ طور پر بحال کر دی گئی۔
لبنان کے وزیرِ ٹرانسپورٹ فایز رسامنی نے بھی اعلان کیا کہ صبح 10 بجے سے فضائی حدود دوبارہ کھول دی گئی ہیں اور پروازوں کا سلسلہ بحال ہو چکا ہے۔
انہوں نے مسافروں سے پیش آنے والی تکلیف پر معذرت کرتے ہوئے واضح کیا کہ فضائی بندش کا فیصلہ محض حفاظتی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔
اسی طرح شامی حکام کی جانب سے بھی فضائی سرگرمیوں کی بحالی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ واضح رہے کہ جمعے کے روز اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے اور اس کے ممکنہ ردعمل کے خدشے کے پیش نظر خطے میں کشیدگی میں اچانک اضافہ ہو گیا تھا، جس کے باعث ان ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں تاکہ کسی ممکنہ خطرے یا حادثے سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدہ تعلقات نے حالیہ دنوں میں شدید نوعیت اختیار کر لی ہے۔ ایران کے جوابی حملوں کے بعد اسرائیل نے فضائی کارروائیاں کیں، جس پر اردن، لبنان اور شام نے احتیاطی تدابیر کے طور پر اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں۔ موجودہ صورتحال میں وقتی بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے، تاہم خطے میں امن و امان کی مجموعی فضا اب بھی نازک ہے۔