جاپان کی نجی خلائی کمپنی iSpace کا بغیر انسان کے چاند پر بھیجا گیا مشن "Resilience” ایک بار پھر ناکامی سے دوچار ہو گیا، جب لینڈر چاند کی سطح پر اترنے سے محض چند لمحے قبل کنٹرول سے باہر ہو کر سطح سے ٹکرا گیا اور اس سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
کمپنی کے مطابق یہ iSpace کا دوسرا مشن تھا، اور دو برسوں میں دوسری بڑی ناکامی ہے۔ تکنیکی خرابی کے باعث لینڈر چاند کی سطح سے فاصلہ درست انداز میں ناپنے میں ناکام رہا، جس کے نتیجے میں وہ اپنی رفتار کم نہ کر سکا اور حادثے کا شکار ہو گیا۔
ٹوکیو میں کمپنی کے ہیڈکوارٹر میں مشن کی براہِ راست نشریات کے دوران، جب لینڈر سے صرف دو منٹ قبل رابطہ منقطع ہوا، تو ہال میں موجود 500 سے زائد ملازمین، شیئر ہولڈرز اور حکومتی نمائندے خاموشی میں ڈوب گئے۔
اس ناکامی کے بعد iSpace کے شیئرز میں شدید گراوٹ دیکھی گئی۔ جمعہ کے روز کمپنی کے شیئرز 29 فیصد تک گر گئے اور ٹریڈنگ عارضی طور پر معطل ہو گئی۔ واضح رہے کہ جمعرات کو کمپنی کی مجموعی مارکیٹ ویلیو 110 ارب ین (تقریباً 766 ملین ڈالر) تھی۔
اگرچہ یہ واقعہ جاپان کی نجی سطح پر چاند تک رسائی کی کوششوں کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، تاہم ملک اب بھی امریکی Artemis پروگرام کا اہم شراکت دار ہے۔ متعدد جاپانی کمپنیاں چاند کو مستقبل میں ایک تجارتی مرکز کے طور پر دیکھ رہی ہیں، اور خلائی دوڑ میں اپنی جگہ بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔