جاپان کے مغربی حصے میں منگل کے روز 6.2 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے طور پر بلٹ ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔ جاپانی موسمیاتی ادارے نے واضح کیا ہے کہ اس زلزلے کے بعد سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔
زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 18 منٹ پر صوبہ شیمانے کے مشرقی علاقے میں آیا، اور اس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم کم شدت کے آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
زلزلے کے بعد ماتسوئے میں واقع شیمانے نیوکلیئر پاور پلانٹ پر کسی قسم کی خرابی کی اطلاع نہیں ملی۔ پاور پلانٹ کے آپریٹر، چُوگوکو الیکٹرک پاور کمپنی، نے کہا کہ تمام نظام محفوظ ہیں اور کوئی ہنگامی صورتحال نہیں ہے۔
حکام نے احتیاطی تدابیر کے طور پر مغربی جاپان میں بلٹ ٹرین سروس عارضی طور پر روک دی۔ بجلی کی بندش کے باعث سان یُو شنکانسن لائن پر اوکایاما اور ہیروشیما کے درمیان ٹرین آپریشن بھی معطل رہا، تاکہ مسافروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
