اٹلی میں ایک 57 سالہ شخص اس وقت گرفتار ہوگیا جب اس نے اپنی مردہ ماں کی پنشن حاصل کرنے کے لیے اس کا روپ دھار کر شناختی کارڈ کی تجدید کرانے کی کوشش کی۔ شمالی اٹلی میں پیش آنے والے اس واقعے نے انتظامیہ کو اس وقت مشکوک بنایا جب دفتر میں موجود اہلکاروں نے ’خاتون‘ کے گہرے بالوں والے ہاتھ، ٹھوڑی اور گردن دیکھ کر شک کا اظہار کیا۔
تحقیقات سے پتہ چلا کہ ملزم کی والدہ 2022 میں 82 سال کی عمر میں فوت ہو چکی تھیں، مگر بیٹے نے حکام کو ان کی موت کی اطلاع نہیں دی تھی۔ اٹلی میں شناختی کارڈ کی تجدید کے لیے شہری کا خود دفتر جانا ضروری ہوتا ہے، اور جب مرحومہ کا کارڈ ایکسپائر ہوا تو بیٹے نے وِگ، میک اپ اور والدہ کے کپڑے پہن کر ان کی جگہ پہنچنے کی کوشش کی۔
اہلکار نے مشکوک رویہ دیکھ کر پولیس کو بلایا، جبکہ بعد ازاں سی سی ٹی وی فوٹیج نے بھی راز کھول دیا کہ ’خاتون‘ خود گاڑی چلا کر دفتر آئی تھی—حالانکہ مرحومہ کے پاس ڈرائیونگ لائسنس موجود ہی نہیں تھا۔
پولیس نے ملزم کو موقع پر گرفتار کیا اور گھر کی تلاشی کے دوران خاتون کی ممی شدہ لاش لانڈری روم سے برآمد کی، جو سلیپنگ بیگز میں لپٹی ہوئی تھی۔ ملزم کے خلاف لاش چھپانے، ریاستی فراڈ اور سرکاری دستاویزات میں جعل سازی کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اٹلی میں پنشن فراڈ ایک عام مسئلہ ہے، جہاں ہر سال متعدد افراد اپنے فوت شدہ رشتہ داروں کی پنشن وصول کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے جاتے ہیں، خصوصاً اس لیے کہ سرکاری نظام اور اموات کے ریکارڈ میں اکثر ہم آہنگی نہیں ہوتی، جس کے باعث پنشن برسوں تک جاری رہتی ہے۔
