اٹلی کا پاکستانی ہنرمندوں کیلئے 10 ہزار سے زائد ویزوں کا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

روم میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں اطالوی وزیر داخلہ نے پاکستانی ہنر مند افراد کے لیے ساڑھے 10 ہزار ویزے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا گیا۔

latest urdu news

ملاقات میں داخلی سکیورٹی، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، انسانی اسمگلنگ اور انسداد منشیات کے شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ اٹلی قانونی ہجرت (لیگل مائیگریشن) کو فروغ دینا چاہتا ہے اور اسی تناظر میں پاکستانی اسکلڈ لیبر کے لیے 10 ہزار سے زائد ویزے جاری کیے جائیں گے تاکہ اٹلی کی معیشت میں ہنر مند افرادی قوت شامل ہو سکے۔

میٹیو پینٹے ڈوسی نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا استثنیٰ دینے پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔ ان کے مطابق اس حوالے سے بات چیت پہلے بھی ہو چکی تھی اور اب اس پر عملی پیش رفت کی جا رہی ہے۔

دونوں وزرائے داخلہ کی ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ محسن نقوی نے اطالوی ہم منصب کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے ہوائی اڈوں اور سمندری سرحدوں پر نگرانی سخت کی ہے جس کے نتیجے میں غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف بھی مؤثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

اٹلی پاکستانیوں کیلئے نوکریوں میں کوٹہ دینے والا پہلا یورپی ملک

اطالوی وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قانونی ہجرت کے فروغ اور سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے باہمی روابط کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت پاکستانی ہنر مند افراد کے لیے یورپ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سکیورٹی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter